اہلکاروں نے انتظار کو جانے کا کہا پھر گولیاں مار دیں، 2 ہفتے تک چھپائی ویڈیو سامنے آ گئی
کراچی (سٹاف رپورٹر + آن لائن) انتظار کے قتل سے چند لمحوں پہلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے سیاہ رنگ کی گاڑی انتظار کی گاڑی کو روکتی ہے اور موٹر سائیکل پر سوار دو اہلکار انتظار کی گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے گاڑی کے قریب رک جاتے ہیں۔ 2 ہفتے چھپائی سی سی ٹی وی ویڈیو میں سامنے آیا ہے کہ ناکے پر موجود اہلکاروں نے پہلے انتظار کی کار کو روکا گیا پھر جانے کا اشارہ کرنے کے بعد پیچھے سے فائر کھول دیئے۔ انتظار کی کار پرگولیاں برسانے والوں میں ایک بھی پولیس اہلکار وردی میں نہیں تھا۔ اب مقتول کیسے تمیز کرتا سادہ لباس میں روکنے والے پولیس اہلکار تھے یا ڈاکو؟