احتساب ریفرنسز‘ اسحاق ڈار کیخلاف سماعت آج‘ نواز شریف‘ مریم‘ صفدر کیخلاف کل ہو گی
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت آج اور سابق وزیراعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل کرے گی۔احتساب عدالت نمبر 1کے جج محمد بشیر اسحاق ڈار کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت کریں گے۔عدالت نے آج کی سماعت میں کیس کے مرکزی گواہ واجد ضیا کے سوا دیگر تمام 8گواہوں کو طلب کر رکھا ہے۔گزشتہ سماعت پر عدالت میں اسحق ڈار، ان کی اہلیہ اور کمپنیز کے اکائونٹس اور گاڑیوں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ اسلام آباد کی پیش کر دی گئی تھی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل منگل (30جنوری)کو ہو گی،عدالت نے استغاثہ کے 2گواہوں کو طلب کر رکھا ہے ۔گزشتہ سماعت پر دوگواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے تھے جبکہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی نیب کی طرف سے دائر ضمنی ریفرنس پڑھنے کیلئے وقت دینے کی استدعا منظور کر لی گئی تھی۔سابق وزیراعظم نواز شریف 14 مرتبہ،مریم نوازکی 16 اور کیپٹن (ر) صفدر کی 18 مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوچکے ہیں، جبکہ یہ لندن فلیٹس ریفرنس کی 22 ویں ، العزیزیہ ریفرنس کی 26 ویں اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 23 ویں سماعت ہوگی۔