وفاق نے گوادر میں نئی ہائوسنگ سکیموں کیلئے درخواست مسترد کردی
اسلام آباد(فواد یوسفزئی‘ دی نیشن رپورٹ) وفاقی حکومت نے گوادر میں نئی ہائوسنگ سوسائٹیوں کیلئے این او سی جاری کرنے کے حوالے سے بلوچستان حکومت کی درخواست مسترد کردی ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کے دوران گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے مذکورہ این او سی جاری کرنے پر پابندی اٹھانے کی درخواست کی جسے مسترد کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے وفاقی وزیر نے واضح کیا ہے گوادر سٹی کے حتمی ماسٹر پلان تک این او سی جاری نہیں کیا جاسکتا وفاقی حکومت نے مذکورہ پابندی 2017 کے آغاز میں لگائی تھی اور یہ پابندی اگست 2018 تک اٹھانے کا امکان نہیں ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ڈویلپرز کی بڑی تعداد نے گوادر میں ہائوسنگ سکیمیں شروع کرنے کیلئے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے رابطہ کیا ہے۔ گوادر میں اس وقت 103 ہائوسنگ سوسائٹیوں پر کام جاری ہے۔