ٹرمپ سے ناجائز تعلقات کی افواہیں بے بنیاد ہیں: نکی ہیلی
واشنگٹن(آن لائن)اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ماورائے شادی کسی قسم کے ناجائز تعلق سے متعلق افواہوں کو سختی سے مسترد کردیا ہے اور انھیں بہت ہی جارحانہ اور بے ہودہ الزام قراردیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے بھارتی نژاد نکی ہیلی سے ناجائز مراسم کا انکشاف ’’فائر اور فیوری‘‘ ( آتش اور غیظ) کے مصنف مائیکل وولف نے گذشتہ ہفتے ایک ٹیلی ویڑن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا تھا۔ انھوں نے امریکی میگزین کو انٹرویو میں صدر ٹرمپ سے کسی قسم کے رومانس کا سے انکار کیا اور کہاکہ یہ بالکل غلط بات اور بے ہودہ الزام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنف نے کہاہے کہ اوول آفس میں صدر کے ساتھ اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں گفتگو کرتی رہی ہوں۔ میں یہ واضح کردوں کہ میں نے کبھی صدر سے اپنے مستقبل کے بارے میں بات کی ہے اور نہ میں نے کبھی ان سے تنہائی میں ملاقات کی ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کیخلاف صدر سے جنسی تعلقات کی افواہیں مردوں کا ایک چھوٹا گروپ پھیلا رہا ہے اور یہ مضبوط عزم کی حامل خواتین سے پریشان ہے۔ بیشتر مرد تو خواتین کا احترام کرتے ہیں لیکن مردوں کا یہ چھوٹا گروپ ایسا ہے کہ اگر آپ اپنا کام اچھے طریقے سے کرنے کی کوشش کریں اور اس کے بارے میں کھل کر اظہار خیال بھی کریں تو وہ اس سے نالاں ہوجاتا ہے اور اس کو تکلیف ہوتی ہے کیونکہ ان کی یہ سوچ ہے کہ اس طرح انھیں گرایا جارہا ہے۔