میموگیٹ کی فائل طلب تنقید کے باوجود ڈلیور رہے ہیں:چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں رجسٹرار آفس سے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے حوالے سے میموگیٹ سکینڈل کی فائل طلب کرلی ہے اورکہا ہے کہ کیا حسین حقانی کو بھی ووٹ کا حق ملے گا جو میموگیٹ کیس چھوڑ کر امریکہ چلے گئے کیوں نہ ان کو نوٹس جاری کیا جائے کہ وہ وطن واپس آکر میمو گیٹ کیس کا سامنا کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم پر بڑی تنقید ہورہی ہے لیکن اس کے باوجود ہم ڈلیور کر رہے ہیں۔ سماعت کے دوران جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کی اکثریت ایسے افراد پر مشتمل ہے جن کے دلوں میں پاکستان دھڑکتا ہے، لیکن بعض ایسے بھی ہیں جن کا اس ملک کے ساتھ برائے نام رشتہ ہے، اس چیز کو بھی دیکھنا ہوگا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایک ایسا پاکستانی بھی ہے جو عدالت سے وعدہ کرکے بیرون ملک چلا گیا تھا اور آج تک واپس نہیں آیا ہے بتایا جائے کہ حسین حقانی کہاں ہیں، کیا انہیں بھی ووٹ ڈالنے کی سہولت ملے گی ہمیں بتایا جائے کہ کیا میمو گیٹ سکینڈل ختم ہوگیا تھا یا ابھی تک زیر التوا ہے ، جس پر انہیں بتایا گیا کہ وہ مقدمہ تاحال زیر التوا ہے، جس پر انہوں نے کہا کہ تو کیوں نہ حسین حقانی کو بھی نوٹس جاری کرکے بلا لیا جائے، کہ وہ یہاں آکر کیس کا سامنا کریں، بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر تے ہوئے متعلقہ آفس سے میمو گیٹ سکینڈل کیس سے متعلق فائل طلب کرلی ۔