عاصمہ قتل‘ ازخود نوٹس کی سماعت آج ہوگی‘ آئی جی خیبر پی کے اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) عدالت عظمیٰ میں مردان کی عاصمہ قتل سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت آج کیلئے مقرر کردی گئی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان نے کے پی کے پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا، بینچ میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہوں گے۔ (آئی جی) خیبر پی کے پولیس اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردیئے گئے۔چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے گزشتہ ہفتے مردان کے علاقے میں کمسن بچی عاصمہ کے اغواء اور زیادتی کے بعد قتل پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی کے پی کے سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کی تھی۔بعد ازاں آئی جی کے پی کے کی جانب سے ہفتے کے روز رپورٹ سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں جمع کرادی گئی تھی۔