• news

نااہلی مدت کتنی ہوگی؟ چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ آج سماعت کریگا

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ (آج) منگل کو آئین کے آرٹیکل 62 (1) (ایف) کے بارے درخواستوں کی سماعت کریگا جس میں نااہلی کی مدت کا تعین کیا جائیگا۔ لارجر بنچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس عظمت سعید، جسٹس عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔ ایک روز قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن)کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو الگ الگ نوٹس جاری کئے گئے تھے جس میں نوازشریف اور جہانگیر ترین کو ذاتی طور پر یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری کے ڈپٹی رجسٹرار کے ذریعے جبکہ اسلام آباد میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر نوٹس بھجوایا گیا تھا۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں جعلی ڈگری پر تا حیات نا اہل ہونے والوں نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں ٗ عدالت نے جعلی ڈگری والوں کو آرٹکل 62 ون ایف پر نا اہل کیا تھا۔جعلی ڈگری والوں نے نا اہلی کی مدت کے تعین کیلئے درخواستیں دائر کی تھیں۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 62 (1) (ایف) کے تحت نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دیا گیا تھا۔جس کے بعد چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جہانگیر ترین کو بھی نا اہل قرار دیا تھا ۔واضح رہے کہ اس سے قبل یہ معاملہ سابق چیف جسٹس انور ظہر جمالی کے دور میں 15 دسمبر 2016ء کو اٹھایا گیا تھا۔ سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے اسی نوعیت کے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آرٹیکل 62 اور 63 کی بنیاد پر کسی کو عمر بھر کیلئے انتخابات کا حصہ بننے سے نااہل کیسے کیا جاسکتا ہے؟

ای پیپر-دی نیشن