سعودی شہزادہ ترکی کا ہوٹل سے رہائی کے بعد شاہ سلمان سے اظہارِ وفادار ی
ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے ایک شہزاد ے ترکی بن ناصر بن عبدالعزیز نے دارالحکومت الریاض میں واقع رٹز کارلٹن ہوٹل سے رہائی کے بعد اپنے پہلے بیان میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے اپنی مکمل وفاداری کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ ترکی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام ایک خط لکھا اور اس میں ان کی انصاف پروری پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔وہ لکھتے ہیں:’’ میں آپ کو اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اپنی مکمل وفاداری اور بیعت کا یقین دلاتا ہوں۔اللہ ان کی مدد کرے۔انھوں نے لکھا کہ اللہ نے چاہا تو ہمارا ملک برائی کی طاقتوں ، سازشیوں اور غداروں کی تمام مذموم چالوں کے مقابلے میں ایک مضبوط قلعہ بنا رہے گا۔ترکی بن ناصر نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملک کی ترقی کے لیے کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔انھیں بھی متعدد دوسرے شہزادوں اور سابق و موجودہ وزراء سمیت سعودی حکام نے حراست میں لیا تھا اور انہیں الریاض کے ہوٹل رٹز کارلٹن میں رکھا گیا تھا۔