حج 2018ء معاہدہ پر دستخط پرسوں ہونگے، وفاقی وزیر سعودی عرب پہنچ گئے
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2018 کے لئے معاہدے پر دستخط جمعرات یکم فروری کو سعودی عرب میں ہوں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور اس سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے، وزارت مذہبی اموربدھ کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناعی پر اپنا موقف پیش کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کے باخبر ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور یکم فروری کو سعودی وزارت حج کے ساتھ جدہ میں حج معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ سردار یوسف تین فروری کو وزیر مذہبی امور مکتب الوکلا، 4 فروری کو سعودی محکمہ ٹرانسپورٹ، الیکٹرانک ٹریک، موسسہ جنوبی ایشیا، 5 فروری کو سعودی وزارت حج مدینہ برانچ اور موسسہ مدینہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جبکہ 6 فروری کو سعودی وزارت حج کے ساتھ حج تعلیمات کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔دوسری جانب وزارت مذہبی امور حج قرعہ اندازی کے حوالے سے حکم امتناعی کے معاملہ پر آج سندھ ہائی کورٹ میں اپنا موقف پیش کرے گی۔ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وزارت مذہبی امور آئندہ کی حکمت عملی اختیار کرے گی۔