محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پی کے کے رولز تبدیل‘ ڈائریکٹر کے عہدے پر پولیس افسر کی تعیناتی پر پابندی
پشاور (صباح نیوز)محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پی کے کے رولز تبدیل کر دئیے گئے ہیں اوراس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے عہدے پر پولیس افسر کی تعیناتی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے پی کے تعیناتی کے لیے نئے رولز لاگو کئے گئے ہیں اور کہا گیا ہے اس پوسٹ پر پولیس افسر تعینات نہیں ہو سکے گا بلکہ اس پوسٹ پر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس یا صوبائی ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران تعینات ہو سکیں گے اور 35 پوسٹوں میں سے 9 پوسٹیں ایسی رکھی گئی ہیں جن پر پولیس اہلکار تعینات ہو سکیں گے ۔ جن پوسٹوں پر پولیس اہل کار تعینات کئے جاسکیں گے ان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرائمز، سرکل آفیسر، انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل شامل ہیں، جن کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی بیورو کریسی کی جانب سے کی گئی ہے جس کی وجہ خیبر پختونخوا میں پولیس اور بیورو کریسی کے درمیان اختیارات کے حصول کے لئے جاری سرد جنگ ہے۔