• news

ممبئی: وارڈ بوائے کی غفلت‘ ایم آر آئی مشین نے مریضہ کے تیماردار کی جان لے لی

ممبئی (نوائے وقت نیوز+ اے ایف پی) طب کے شعبے میں نت نئی مشینوں کی ایجاد سے انسان کو نہ صرف بہتر طبی سہولتیں مل رہی ہیں بلکہ یہ مشینیں جان لیوا بیماریوں کے علاج میں بھی مدد گار ثابت ہو رہی ہیں لیکن انسان کی ذرا سی غفلت سے یہی مشینیں موت کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی شہر ممبئی کے نائر ہسپتال میں پیش آیا جہاں وارڈ بوائے کی غفلت کی وجہ سے مریض کا ایک رشتہ دار میگنیٹک ریزوننس امیجنگ( ایم آر آئی) مشین میں پھنس کر جان کی بازی ہار گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز نے نمونیا کے شبے میں ہسپتال میں زیر علاج 65 سالہ خاتون لکشمی سولنکی کا ایم آر آئی تجویز کیا تھا، مریضہ کو ایم آر آئی روم لے جاتے ہوئے ایک اٹینڈنٹ نے خبردار کیا کہ روم میں جانے سے پہلے تمام دھاتی اشیاء جیسے بیلٹ اور والیٹ وغیرہ اتاردیں لیکن لکشمی کو سٹریچر پر لانے والے وارڈ بوائے نے کہا کہ آکسیجن سلنڈر اندر لے جائیں کیونکہ مریضہ کو آکسیجن کی ضرورت پڑے گی۔ ایک رشتہ دار نے نشاندہی بھی کی کہ آکسیجن سلنڈر دھاتی ہے جس پر وارڈ بوائے نے کہا اس وقت مشین آن نہیں ہے لہٰذا مریضہ کا ایک تیمار دار 32سالہ راجیش مارو سلنڈر بھی روم میں لے گیا۔ روم میں داخل ہوتے ہی ایم آئی آر مشین نے میگنیٹک قوت کے باعث سلنڈر کو اپنی جانب کھینچ لیا، راجیش مارو بھی اس کے ساتھ گھسٹیتا چلا گیا اور مشین میں جاکر پھنس گیا۔ اس دوران سلنڈر کا نوزل ڈھیلا ہونے سے گیس کا اخراج شروع ہوگیا اور آکسیجن کی زیادتی کے باعث دو منٹ کے اندر ہی مارو کی موت واقع ہو گئی۔ ہسپتال کے ڈین ڈاکٹر رمیشن بھرمال کا کہنا ہے کہ یہ المناک واقعہ ہے، وجوہات جاننے کے لئے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی میونسپل کمشنر سنیل دھامنے کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں، ہسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی مدد لی جائے گی۔ پولیس نے غفلت برتنے کامقدمہ درج کرکے ڈاکٹر، وارڈ بوائے اور اٹینڈنٹ کو گرفتار کرلیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن