جدید علوم سے آراستہ، محب وطن نوجوان پاکستان کا اصل چہرہ ہیں: گورنر
لاہور(خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ جدید علوم سے آراستہ اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار نوجوان نسل پاکستان کا اصل چہرہ ہیں اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور اس بات کی گواہی ہیں کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت اور تعمیری سوچ ہی عملی زندگی میں کامیابی کا واحد راستہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائی ٹیک یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز ہائی ٹیک یونیورسٹی جنرل محمد نعیم اشرف ، وائس چانسلر بریگیڈیئر قمر زمان ، فیکلٹی ممبرز اور ڈگری حاصل کرنے والے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں مایوسی پھیلانے والے عناصر ہماری نوجوان نسل کو گمراہ نہیں کرسکتے کیونکہ نوجوان ملک کو درپیش اور عصرحاضر کے چیلینجز سے نبردآزما ہونے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں- انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی لازوال قربانیوں کے ساتھ ساتھ پولیس اور عام شہریوں نے جان کے نذرانے پیش کرکے ملک میں امن قائم کیا ہے اور دہشت گردی کو ناکام بنایا۔