• news

پاکستان، بھارت کے درمیان کھوکھر ا پار مونا باؤ ریل معاہدے میں توسیع اعلیٰ سطح رابطے، قیدیوں کے تبادلوں پر غور

کراچی(نوائے وقت رپورٹ) پاکستان بھارت میں کھوکھرا پار مونا بائو ریل معاہدے میں 3 سال کی توسیع کردی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عوامی رابطوں کے فروغ کیلئے 2006ء میں معاہدہ ہوا تھا۔ کھوکھرا پار مونا بائو ریل معاہدے میں 2021ء تک توسیع کی گئی۔ مزید برآں سرکاری دستاویز کے مطابق پاکستان بھارت اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے ہیں‘ دونوں ممالک انسانی بنیادوں پر قیدیوں کے تبادلے پر غور کر رہے ہیں۔ مشترکہ جوڈیشل کمیٹی کے میکنزم کی بحالی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ خواتین‘ ذہنی معذور اور ستر سال سے زائد عمر کے قیدیوں کے تبادلے کی تجویز زیرغور ہے۔ 26 دسمبر کو پاکستان بھارت قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات میں تجاویز پر اتفاق ہوا۔ پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارتی وزارت خارجہ بلاکر بھی یہ معاملہ اٹھایا گیا۔ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر 3طرح کے قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ کیا گیا۔ دونوں ممالک کی جیلوں میں قید افراد کی فہرست ہنگامی بنیادوں پر مرتب کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے ڈاکٹرز قیدیوں کی ذہنی و جسمانی حالت کا جائزہ لینے کیلئے دورے کریں گے۔ دوروں کی حتمی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کیلئے متعلقہ حکام رابطے میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن