• news

کوئٹہ: فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید‘ ڈیرہ مراد جمالی میں دھماکے سے ریلوے ٹریک تباہ‘ سرگودھا‘ مردان سے اسلحہ پکڑا گیا

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان نے خفیہ اطلاع پر آپریشنز کرکے 10 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ آپریشن ڈیرہ بگٹی، ڈیرہ مراد جمالی میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر کئے گئے۔ ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ برآمد ہتھیاروں میں دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹرز شامل ہیں۔ دوسری جانب قمبرانی روڈ کوئٹہ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ میں کراچی جانے والی بولان میل کی بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں ایک مسافر زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق رریلوے ٹریک پر دھماکہ منگولی کے قریب ہوا دھماکہ سے 4 فٹ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔ سرگودھا میں پولیس نے 2 گاڑیوں سے بھاری تعداد میں ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔ مردان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، 2 خودکش جیکٹ، 72 ہینڈ گرنیڈ، 5 راکٹ لانچر اور 27 مارٹر گولے برآمد کر لئے گئے۔ فاران میں تھانے پر دستی بم حملہ کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ڈیرہ اللہ یار کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن