• news

عمران بدزبانی بند کریں‘ سازشوں سے وزیراعظم نہیں بنا جا سکتا: حمزہ شہباز

لاہور (خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان بدزبانی ترک کریں۔ انہیں علم ہونا چاہئے کہ سازشوں اور چور دروازوں سے وزیراعظم نہیں بنا جا سکتا۔ آگے بڑھنے کا واحد راستہ جمہوریت ہے جبکہ ماضی میں پاکستان میں جمہوریت کے خلاف سازشیں ہوتی رہی ہیں۔ منو بھائی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو مل کر پاکستان کا سوچنا ہوگا۔ ہمارا ہمسایہ ملک جہاں علیحدگی پسند تحریکیں بھی چل رہی ہیں‘ صرف جمہوریت کے تسلسل کے باعث آگے بڑھ رہا ہے۔ سینٹ کے انتخابات کا اعلان خوش آئند ہے۔ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والے ساڑھے چار برسوں سے لاکھوں روپے تنخواہ بھی لے رہے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ ایک بار پھر عمران خان کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ الزامات کی سیاست چھوڑ کر تعمیری انداز اپنائیں۔ اسی سسٹم نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے خواب کو پورا کیا ہے جبکہ سی پیک گیم چینجر ثابت ہونے جا رہا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آصف زرداری کو سوئس بنکوں میں پڑی ہوئی دولت واپس لانا ہوگی اور اپنے دور اقتدار کی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران بتائیں کہ انہوں نے کے پی کے میں عوام کی کیا خدمت کی ہے، جہاں انہیں ساڑھے چار برسوں بعد اس بس سروس کا خیال آیا جسے وہ لاہور میں جنگلہ بس قرار دے چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ جمہوری رہنمائوں کا گریبان پکڑ سکتے ہیں‘ آمروں کا نہیں۔ قبل ازیں منو بھائی کی رہائش گاہ پر ان کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ منو بھائی بلند پایہ صحافی ہی نہیں‘ ایک عظیم شخصیت کے مالک بھی تھے۔

ای پیپر-دی نیشن