سعودی شہزادوں سے 107ارب ڈالر کی ریکوری‘ ولید گھر میں نظربند ہیں: میڈیا
ریاض+اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ اے این این+ اے ایف پی) سعودی شہزادہ الولید بن طلال نے کہا کہ دوران حراست مجھ پر تشدد کی خبریں بے بنیاد ہیں‘ برطانوی نشریاتی ادارے نے جھوٹی خبریں چلائیں۔ دوسری جانب غیرملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 6ارب ڈالر جرمانہ دے کر بھی ولید بن طلال کی جان نہ چھوٹی‘ سعودی شہزادہ گھر میں نظربند ہیں‘ بیرون ملک اثاثوں تک بھی رسائی نہیں ملی۔ انہیں ملک چھوڑنے کی اجازت بھی نہیں۔ دریں اثناء سعودی عرب میں بدعنوانیوں کے خاتمے کے لیے جاری مہم کا پہلا مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچنے کو ہے۔ سعودی اٹارنی جنرل شیخ سعود المجیب نے بتایا کہ کرپشن کے الزام میں اب بھی 56افراد زیر حراست ہیں، جن ملزموں کے ساتھ سمجھوتہ ہوگیا ہے یا جو بے گناہ ہیں ان کو رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ملزموں کے ساتھ 107ارب ڈالر کے سمجھوتے ہوئے ہیں۔ کرپشن کے الزام میں شہزادوں‘ بزنس مینوں اور عہدیداروں سمیت 381ملزم گرفتار کیے گئے تھے۔ دوسری جانب تیل کی قیمتیں گرنے سے سعودی معیشت کساد بازاری کا شکار ہے۔