• news

بنک قرضہ واپس نہ کرنے پر ہائیکورٹ نے شریف برادران کے قریبی عزیز کی ملز نیلام کرنیکا حکم دیدیا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بنک کا قرض واپس نہ کرنے پر شریف برادران کے قریبی عزیز کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز 28 فروری کو نیلام کرنے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ ہائیکورٹ نے نجی بنک کی نیلامی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر کورٹ آکشنر نے نادہندہ ٹیکسٹائل ملز کی نیلامی کامیاب نہ ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ کورٹ آکشنر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالت کی جانب سے نیلامی کی مقرر کی جانے والی تاریخ پندرہ دسمبر تک نادہندہ ٹیکسٹائل ملزکی نیلامی میں حصہ لینے کوئی خریدار نہیں آیا۔ جس پر عدالت نے نیلامی کی نئی تاریخ اٹھائیس فروری مقرر کرتے ہوئے نادہندہ ٹیکسٹائل ملز نیلام کرنے کا حکم دیتے ہوئے کورٹ آکشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔ نجی بنک کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اتفاق ٹیکسٹائل ملز کے مالکان نے کاروبار کیلئے بینک سے قرض حاصل کیا۔ ڈیفالٹرز نے قرض کیلئے گارنٹی بھی دی۔ قرض کی عدم ادائیگی پر اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو 2000ء میں ڈیفالٹر قرار دیا گیا۔ ڈیفالٹر اتفاق ٹیکسٹائل ملز کیخلاف 2016ء سے 25 کروڑ 33 لاکھ 64 ہزار کی ڈگری جاری ہوئی۔ جس کے بعد اتفاق ٹیکسٹائل ملز مالکان نے 14 کروڑ 32 لاکھ 69 ہزار ادا کئے مگر باقی کی رقم ادا نہیں کی جا رہی۔

ای پیپر-دی نیشن