• news

2025ء تک پاکستان میں بجلی کی طلب مزید بڑھے گی: انرجی ریفارمز رپورٹ

اسلام آباد (صباح نیوز)سال2025ء تک پاکستان کی بجلی کی طلب مزید بڑھے گی ۔انرجی ریفارمز رپورٹ کے مطابق سال 2025ء تک پاکستان کی بجلی کی طلب 44 ہزار میگاواٹ تک بڑھ جائے گی۔ قومی معیشت کی 5.2 فیصد کی سالانہ شرح نمو کے نتیجہ میں 2025ء تک پاکستان کی بجلی کی طلب 44 ہزار میگاواٹ تک بڑھ جائے گی اور اگر قومی معیشت سالانہ 6.5 فیصد کی شرح سے ترقی کرتی ہے تو سال 2030ء تک بجلی کی طلب 60 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ اوورسیز انویسٹمنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی انرجی ریفارمز 2017ء کی رپورٹ کے مطابق آئندہ 10 سال کے دوران ملک میں توانائی کی طلب 70 فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔ او آئی سی سی آئی کے صدر خالد منصور نے کہا ہے کہ قومی معیشت کی ترقی کے تناظر میں توانائی کے شعبہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ او آئی سی سی آئی کی رکن کمپنیاں قومی خزانے کو سالانہ 500 ارب روپے کے ٹیکسز ادا کر رہی ہیں۔ توانائی کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر پیداوار میں اضافہ، متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن