• news

شیخ رشید کا یوٹرن، قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ شیخ رشید نے یوٹرن لیتے ہوئے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لیا۔ اپنڈکس آپریشن کے بعد شیخ رشید احمد پہلی مرتبہ پارلیمنٹ ہائوس آئے اورکچھ دیر پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد شیخ رشید سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے استعفیٰ جمع کرادیا؟ جس پر شیخ رشید نے جواب دیا کہ اب ضرورت ہی نہیں رہی اور وقت گزر گیا ہے۔ صحافی نے استفسارکیا کہ آپ کی طبیعت ابھی بھی بوجھل لگ رہی ہے جس پر ان کا کہنا تھا اپنڈکس آپریشن کے بعد ابھی پوری طرح طبیعت بحال نہیں ہوئی، ایک سو دو، تین تک بخار رہتا ہے، شاید آپریشن کے زخم بھرنے تک ایسا رہے۔ اسلام آباد سے آن لائن کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے کہ وقت گزر گیا، چوہدری نثار نے فیصلہ کرنے میں دیر کردی، چوہدری نثار کی سیاست تھانہ کچہری کے گرد گھومتی ہے، پرویز رشید نے چوہدری نثار کیخلاف بیان کسی کے کہنے پر دیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سیاست میں فیصلہ بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ اگر مسلم لیگ ن نے چوہدری نثار کو ٹکٹ نہ دیا تو الیکشن میں ان کیلئے بڑی مشکل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پرویز رشید تو گلی میں خود سے بات نہیں کرسکتا۔ چوہدری نثار کیخلاف کیا بات کرے گا۔ نوازشریف خاندان کی سیاست کا تابوت نکلتے دیکھ رہا ہوں، جبکہ مریم نواز کو خاندان سمیت جیل میں دیکھ رہا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن