• news

لاہور سمیت مختلف شہروں میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ جاری

لاہور(کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب اور خیبر پی کے میں بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز بھی گیس تقریباً نایاب رہی ۔ بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر رہا۔دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری رکھا اور سینکڑوں صارفین کے کنکشن کمپریسر استعمال کرنے پر منقطع کر دیئے گئے ۔ صوبائی دارالحکومت میں بھی بیشتر علاقوں میں سارا دن ہی گیس کا پریشر کم رہا تاہم مین لائن کے قریبی علاقوں میں گیس کے پریشر قدرے بہتر رہا ۔ گیس کا پریشر کم ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ گیس کی بندش کے باعث لوگوں کو متبادل توانائی کی جانب رجوع کرنا پڑا ۔ جس کی وجہ سے کوئلہ اور ایل پی جی بلیک میں فروخت ہونے لگی ۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔ شہروں میں چار گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں اٹھ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ چھانگا مانگا میں مسلسل 14گھنٹے بجلی کی بندش نے لوگوں کی چیخیں نکال دیں بجلی کی فراہمی جو گزشتہ رات ایک بجے معطل ہوئی اگلے روز تین بجے بحال کی گئی کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا اور مساجد میں پانی تک نہ مل سکا ،سکولوں میں جانے والے طلبہ و طالبات یونیفام پریس کیے بغیر اور ناشتہ کے بغیر سکول جانے پر مجبور ہوگئے۔ شرقپور شریف اور گردونواح میں گیس کی لوڈشیڈنگ گزشتہ روز بھی جاری رہنے سے شہری پریشان‘خواتین کو کھانا بنانے میں شدید مشکلات کاسامنا انجمن تاجران اور شہریوں نے 2 فروری کومکمل شٹرڈائو ن ہڑتال ‘پرامن احتجاج کا اعلان کردیا شہر میں گزشتہ کئی دنوں سے گیس کی مسلسل لوڈ شیڈنگ نے گھر یلو زندگی کو مفلوج کرکے رکھا دیا ۔ بھلوال میں گیس کی لوڈشیڈنگ عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن