• news

لاہور ہائیکورٹ میں شروع کیا گیا ترقی کا سفر جاری رہیگا: جسٹس منصور علی شاہ

راولپنڈی (این این آئی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں شروع کیا گیا ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا، افراد نہیں ادارے اہم ہوتے ہیں۔ اسی جذبے کے تحت ادارے کو مضبوط کرنے اور اس سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود اور بہتری کیلئے جو رہنما اصول وضع کئے خوشی ہے کہ ان پر عملدرآمد سے فوری انصاف کی فراہمی کا مشن تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور انشاء اللہ مستقبل میں بھی ترقی کا یہ سفر مزید کامیابیوںاور کامرانیوں سے ہمکنار ہوتا رہے گا۔ انہوںنے یہ بات راولپنڈی میں راولپنڈ ی اور سرگودھا ڈویژن کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں الوداعی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عشائیے میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے سینئر ججز اور اٹک سے بھکر تک ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز نے شرکت کی۔ جسٹس منصور علی شا ہ نے کہاکہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری نظام عدلیہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اسی لئے اصلاحاتی ایجنڈے میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری کو مضبوط کرنے پر بھر پورتوجہ دی اور جس طرح ججز نے کام کیا وہ قابل فخرہے۔ انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے مقدمات کی سماعت اور فیصلوں میں تیزی آئی اور انصاف کی فراہمی میں مدد ملی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عدلیہ میں ایسے ایسے جوہر نایاب ہیں جن کی قابلیت اور پیشہ وارانہ مہارت قابل فخر ہے اور انہیںاگر اسی طرح آگے بڑھنے کے مواقع حاصل رہے تو وہ مستقبل میں نظام عدل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہاکہ ادارے خوف اور دہشت پھیلانے سے نہیں پیار اور محبت سے چلتے ہیں اور میرے ساتھیوں نے جس انداز سے میرا ساتھ دیا اور عوام تک فوری انصاف کی فراہمی کو ممکن بناکر اصلاحات پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا وہ میری زندگی کا قیمتی ا,ثاثہ ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اسی جذبے سے آئندہ بھی کام کرتے رہیںگے۔ 

ای پیپر-دی نیشن