پاکستان اور اٹلی کا دو طرفہ تجارتی کے حجم کو مزید فروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور اٹلی نے بدھ کو دونوں ملکوں کے درمیان مارکیٹ کی رسائی اور مختلف سامان اور خدمات کی تجارت کی ترقی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ یہ اتفا ق روم میں منعقد پاکستان-اٹلی مشترکہ اقتصادی کمیٹی (جے سی سی) کے تیسرے سیشن میں کیا گیا۔پاکستان کے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے پاکستان کے وفد کی سربراہی کی جبکہ اطالوی وفد کی سربراہی اٹلی کی اقتصادی ترقی کے وزیر آئیون سکفیروٹوٹو نے کی۔ اس اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک نے اس پر بھی آمادگی کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اہم شعبوں جیسے توانائی، بنیادی ڈھانچے، تیل اور گیس، ٹرانسپورٹ مینجمنٹ اور کیمیکلز کے کاروبار کو فروغ دیا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بہتر ہو سکے۔ دونوں ممالک نے معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا۔ موجودہ معاشی حالات اور دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے امکانات پربھی غور کیا گیا۔