• news

پاکستان ہماری شرافت اور نرمی کا غلط مطلب نہ لے: بھارتی وزیرداخلہ

چنڈی گڑھ (کے پی آئی ) بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری نرمی اور شرافت کا غلط مطلب نہ لے جب کہ بھارت اب کمزور نہیں رہا بلکہ ایک طاقت ور ملک بن چکا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق چنڈی گڑھ میں نامہ نگاروں سے بات چیت وزیرداخلہ نے پاکستان پر لائن آف کنٹرول پر فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مسلسل ایل اوسی پر شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار روز قبل بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس اور پاک رینجرز کے درمیان فلیگ میٹنگ میں یہ طے پایا تھا کہ ایل او سی پر کوئی اشتعال انگیزی یا جارحیت نہیں کی جائے گی تاہم یقین دہانی کے باوجود پاکستان نے فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور مسلسل کررہا ہے۔بھارتی وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم سب کے ساتھ دوستانہ مراسم خصوصاً پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کے خواہاں ہیں جبکہ پاکستان کو پڑوسی ہونے کے ناطے بھارت سے دوستانہ رویہ اپنانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات اب ٹھیک ہیں جیسے ماضی میں تھے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ٹھنڈے بستے میں ڈالا نہیں گیا ہے۔ البتہ پورے ملک میں سرحد کے تعلق سے ہونے والے منظم جرائم اور دفاعی پہلوؤں کے پیش نظر خاردار تار لگانے کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن