• news

خانیوال: لڑکی سے تعلقات کا شبہ ‘ بااثر افراد کا نوجوان پر تشدد، منہ کالا کر کے گلے میں پٹا ڈالا گیا

خانیوال(صباح نیوز)خانیوال میں تھانہ سرائے سدھو کے علاقے موہری پور میں بااثرافراد نے نوجوان عامر پر وحشیانہ تشدد کیا۔ گزشتہ روز تھانہ سرائے سدھو کے علاقے موہری پور میں ایس ایچ او ذوالفقار کے ڈیرے پر بااثر افراد نے نوجوان کیساتھ حیوانوں جیسا سلوک کیا۔ نوجوان عامرکو لڑکی سے تعلقات کے شبہے میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ نوجوان کا منہ کالا کرکے اس کے گلے میں نہ صرف کتے کا پٹا ڈالا بلکہ کتے کی طرح زبان بھی نکلوائی گئی اور نوجوان کو علاقے میں برہنہ گھمایا۔ منت سماجت کرنے کے بعد عامر سے ہزاروں روپے لیے اور اس کی موٹر سائیکل بھی چھین لی۔ ڈی ایس پی شاہد نیاز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ ایس ایچ او ذوالفقار کیخلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ڈی پی او عمر گوندل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

ای پیپر-دی نیشن