ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیئے برائلر, ایل پی جی سبزیاں بھی مہنگی
لاہور + کراچی (اپنے نامہ نگار سے + خصوصی نامہ نگار + کامرس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے اے سی بسوں کے کرائے میں اضافے کا اعلان کر دیا۔ اعظم خان نیازی نے کہا ہے کہ 4 مرتبہ ڈیزل کی قیمت بڑھی کرایوں میں اضافہ نہیں کیا۔ حکومت ہمارے نقصان کی تلافی کرے اضافہ واپس لے لیں گے۔ آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ نے نان اے سی بس مالکان کا بھی کرایوں میں اضافے کا مطالبہ کیا۔ گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں 15 فیصد تک اضافہ کردیا۔ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز امداد نقوی کا کہنا ہے کہ کرایوں میں 15 فیصد تک اضافہ کا اطلاق فی الفور ہوگا۔ ادھر پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے خلاف پی ٹی آئی کی طرف سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ہے ایم پی اے شعیب صدیقی کی جانب سے جمع کرائی جانے والی اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے۔ حکومت حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ورنہ تحریک انصاف اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی۔ علاوہ ازیں اپنے نامہ نگار کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ماہ غیر قانونی اضافہ کیا جا رہا ہے، حکومت پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات پر غیر قانونی طور پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافہ کو کالعدم قرار دے۔ کامرس رپورٹر کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کئے جانے کے بعد پرچون سطح پر ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں ایک ہی دن میں 10 روپے اضافہ کر دیا گیا۔ ریٹ 202 روپے سے بڑھ کر 212 روپے ہو گیا۔ پاکستانفلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر لیاقت علی خان خاکوانی نے رابطہ کرنے پر کہا کہ پرچون سطح پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ٹراسنپورٹ چارجز میں 2 روپے اضافہ کریں گے اس وقت فی تھیلا ٹرانسپورٹ چارجز 10 روپے ہیں جو بڑھ کر 12 روپے ہو جائیں گے اس کے لئے ہم محکمہ خوراک سے مذاکرات کریں گے اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو پھرہم ازخود قیمت میں ٹرانسپورٹ چارجز بڑھائیں گے جس سے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت جو اس وقت 750 روپے ہے بڑھ کر 752 روپے ہو جائے گی۔ اس طرح سبزیوں میں ایک کلو پیاز کی قیمت 2 روپے اضافے سے 39 روپے بندگوبھی کی قیمت ایک روپے اضافے سے 25 روپے، پھول گوبھی کی قیمت 2 روپے اضافے سے 22 روپے ہو گئی ہے۔ اوگرا نے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت مقرر کردی۔ ایل پی جی کے 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1332 روپے 48 پیسے مقرر کر لیا۔ سلنڈر پر 55 روپے 9 پیسے پٹرولیم لیوی کی مد میں شامل ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمتیں فوری طو پر ملک بھر میں نافذالعمل ہوں گی۔ایل پی جی سلنڈر 100 سے 125 روپے مہنگا ہوگیا‘ فی کلو قیمت 113 روپے مقرر کردی گئی۔ اوگرا نے گھریلو سلنڈر کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔