کرپٹ عجمان لیگ سے کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچا:آئی سی سی
دبئی (سپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی یونٹ نے کہا ہے کہ عجمان میںکرکٹ لیگ میں ٹھوس شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹورنامٹنٹ بدعنوانی ہوئی۔ آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی یونٹ کے جنرل منیجر ایلکس مارشل نے کہا کہ یہ ایونٹ منظور شدہ نہیں تھا اور کسی بھی سطح پر متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ سے تسلیم شدہ نہیں تھا جس کی وجہ سے نہ تو آئی سی سی اور نہ ہی ای سی بی کے پاس اختیار ہے کہ انسداد بدعنوانی ضوابط کے تحت بدعنوان سرگرمی میں ملوث ہونے پر کسی کے خلاف کارروائی کرے۔ تاہم اس میں شامل متعدد افراد سے بات کرنے پر ہمارے نزدیک اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں جن کی بنیاد پر یہ ایونٹ کرپٹ تھا اور اس سے کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ ۔بیان میں لوگوں سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس معلومات ہیں تو وہ انسداد بدعنوانی یونٹ کی رہنمائی کر سکتا ہے۔