• news
  • image

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سے اپیل

مکرمی! آپ کی وساطت سے ہم وزیر موصوف سے گزارش کرتے ہیں کہ قصبہ اٹاری جو لاہور شرقپور روڈ کے درمیان واقع آپ کے حلقہ انتخاب میں ہے یہاں کے باسیوں کو اپنے ضلعی صدر مقام شیخوپورہ جانے کے لئے شرقپور اور شاہدرہ سے ہو کر تیس میل کا چکر کاٹ کر جانا پڑتا تھا۔ آج سے دس سال قبل ایک درمیانے درجے کی سڑک کے ذریعہ اٹاری کو مڑھ بھنگواں چوک پر شیخوپورہ شرقپور سڑک سے ملایا گیا۔ اس سے عوام کو سہولت نصیب ہوئی لیکن بدقسمتی سے گزشتہ سال لاہور کراچی موٹروے کی تعمیر کے دوران اس سڑک کو استعمال کیا۔ ہیوی ٹریفک کی وجہ سے یہ سڑک بالکل برباد ہو گئی ہے اور عوام کے لئے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں اسے تعمیر کیا جائے علاوہ ازیں مڑھ بھنگواں سے جو سڑک چار چک رسالہ جانے والی زیر تعمیر ہے جگہ جگہ پتھروں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں موٹر سائیکل بھی مشکل سے گزرتی ہے نااہل اور غیر ذمہ دار لوگ ناقص میٹریل استعمال کرتے ہیں کام ادھورا چھوڑ کر عوام کا پیسہ ملی بھگت سے بٹور لیتے ہیں۔ عوام بدترین مشکلات میں ہیں۔ الیکشن قریب ہیں آپ ایک سرپرائز وزٹ فرما کر عوام کی مشکلات کا ازالہ فرما کر احسان فرما دیں۔ (منجانب اہلیان قصبہ اٹاری، محبوب حسین، محمد نواز، خیر دین، اکبر علی، محمد انور وغیرہ)

epaper

ای پیپر-دی نیشن