• news

سینیٹر سیف اﷲ بنگش انتقال کرگئے قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں فضا سوگوار، اجلاس ملتوی

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، ڈپٹی چیئر مین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ،قائدایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق اورسینیٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے سینیٹر حاجی سیف اللہ خان بنگش کی اچانک وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے۔انہوں نے اللہ تبارک تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا بھی کی۔چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا کہ مرحوم کی قانون سازی کے حوالے سے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے سینیٹر حاجی سیف اللہ خان بنگش کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی۔ سینیٹر حاجی سیف اللہ خان بنگش مرحوم حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔سینیٹ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید کی صدارت میں منعقد ہونے والا اجلاس سینیٹر سیف اللہ بنگش کے انتقال کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس کے دوران سینیٹر سیف اللہ بنگش کی اچانک وفات کی افسوسناک خبر ملی تو اجلاس کی فضا یکدم سوگوار ہو گئی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ مرحوم سینیٹر سیف اللہ بنگش ایوان بالا کے انتہائی متحرک رکن تھے۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ہم ایک اچھے ساتھی سے محروم ہوگئے ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ افسوس ناک دن ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ شدید صدمے میں ہوں۔ سینیٹرنسیمہ احسان نے کہا کہ مرحوم اچھی یادیں چھوڑ کرگئے ہیں۔ عثمان سیف اللہ نے کہا کہ مرحوم اچھے ساتھی تھے۔ نثار محمد نے کہا کہ مرحوم کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔ گیان چند نے کہا کہ مرحوم سے خاندان کے فرد جیسا تعلق تھا۔

ای پیپر-دی نیشن