• news

سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ کا نئے چیئرمین کی تقرری کیلئے وفاقی حکومت کو خط‘ اکائونٹس برانچ نے صدیق الفاروق کی جنوری کی تنخواہ روک لی

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ نے سپریم کورٹ کی جانب سے صدیق الفاروق کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد وفاقی حکومت کو نئے چیئرمین کی تقرری کیلئے خط ارسال کردیاجبکہ اکائونٹس برانچ نے صدیق الفاروق کی ماہ جنوری کی تنخواہ روک دی ۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ میاں عبدالقدیر کی جانب سے وفاق کو ارسال کئے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے صدیق الفاروق کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد فوری طور پر نئے چیئرمین کی تقرری عمل میں لائی جائے تاکہ بورڈ کے امور معمول کے مطابق نمٹائے جا سکیں ۔ دریں اثناء سپریم کورٹ کی جانب سے صدیق الفاروق کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بورڈ کے ایک حلقے میں خوشی کا اظہار کیا گیا اور عدالتی فیصلے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ چیف جسٹس پاکستان کے حق میں اور نااہل ہونے والے چیئرمین کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔ علاوہ ازیں بورڈ کے اکائونٹس برانچ نے دیگر افسران اور ملازمین کی ماہ جنوری کی تنخواہیں جاری کر دیں جبکہ صدیق الفاروق کی تنخواہ روک لی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن