اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج کرینگے‘ سعودی عرب سے معاہدہ
جدہ (امیر محمد خان سے) اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ اس حوالے سے حکومت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک باضابطہ معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ اس حوالے سعودی محکمہ حج و عمرہ میں ایک تقریب ہوئی۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کی۔ سعودی عرب کی طرف سے ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر موجود تھے۔ تقریب میں سیکرٹری مذہبی امور خالد مسعود چوہدری، ڈی جی حج ڈاکٹر سید ساجد یوسفانی اور ڈائریکٹر حج امتیاز نے بھی شرکت کی۔ سردار محمد یوسف نے ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر کو بتایا کہ حالیہ مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی بڑھی ہے۔ انہوں نے پاکستانی حجاج کی تعداد آبادی کے تناسب سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 سے بڑھا کر 210000 کرنے کی درخواست کی۔ سعودی عرب وزیر نے درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر مذہبی امور نے پاکستانی حجاج کو ٹرین کی سو فیصد سہولت دینے کی درخواست بھی کی اور کہا کہ اگر کسی وجہ سے یہ سہولت تمام حجاج کو میسر نہ ہو تو کم ازکم یکطرفہ سروس ضرور دی جائے۔ پاکستان میں بائیو میٹرک تصدیق ہوجانے کی صورت میں انہوں نے پاکستانی حجاج کو سعودی ائیر پورٹ پر بائیو میٹرک سے استثناء دیئے جانے کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ اس طرح زائرین کے وقت کی بچت ہوگی اور سعودی حکام کم وقت میں زیادہ حجاج کو سروس مہیا کر سکیں گے۔ سردار یوسف نے کہا کہ 2017 کے انتظامات بہت عمدہ تھے اور ہم 2017ء میں حجاج کے لئے کامیاب انتظامات کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر صالح نے کہا کہ پاکستانی حکام نے حج کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا اور ہم ان پر فخر کرتے ہیں۔ حج آپریشن کامیاب کرنے اور حج 2017 میں حجاج کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کے لیے انہوں نے پاکستان کے حج حکام کو مبارکباد دی۔