حکومت سے ڈیل نہیں ہوئی‘ ملک گیر احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے: حمید سیالوی
ساہیوال/سرگودھا ( محمد شفیق چوہدری سے+نامہ نگار) پیر آف سیال شریف نے حکومت کے خلاف ناموس رسالت اور ختم نبوت کے مسئلہ پر ملک گیر احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کردیا ۔وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے سیال شریف آکر تحفظ ختم نبوت کے مسئلہ پر اعتماد میں لے کر وعدہ کیا تھا کہ وہ تما م تحفظات دور کریں گے ۔لیکن وزیر اعلی پنجاب نے وعدہ خلافی کی ہماری حکومت سے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی ۔دنیا کی تما م دولت اکٹھی کرکے لائیں تو پھر بھی پیر آف سیال شریف کے ضمیر کو نہیں خریدا جاسکتا ۔او ر نہ ہی ختم نبوت کے مسئلہ پر ہم اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹیں گے ۔ہم آج بھی اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں ۔نہ جھکیں گے ،نہ بکیں گے ،نہ ڈریں گے ،ملک بھر میں اپنی احتجاجی تحریک پر امن طریقہ سے جاری رکھیں گے ۔5فروری کو جھنگ اور گیارہ فروری کو گجرات میں ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوگی۔ان خیالات کا اظہار سجادہ نشیں آستانہ عالیہ سیال شریف خواجہ محمد حمیدالدین سیالوی ،صاحبزادہ محمد قاسم سیالو ی ،سید شمس الرحمن مشہدی نے سیال شریف میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی سیال شریف آمد کے بعد لوگوں نے کئی سوالات اٹھائے ۔وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات میں کوئی سیاسی بات نہیں ختم نبوت پر دو باتیں ہوئیں ۔ایک چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی جو رانا ثناء اللہ سے سوالات کرکے فیصلہ کرے گی ۔دوسری بات تحفظ ناموس رسالت کی شک کو آئندہ کوئی بھی چھیڑ چھاڑ کرنے کی جسارت نہ کرے ابھی تک حکومت نے تشکیل کردہ کمیٹی سے کوئی رابطہ نہیں کیا ۔ہم مذاکرات سے مسائل حل کرنا چاہتے تھے ۔لیکن ہمارے تحفظات کو دور نہیں کیا گیا ۔خواجہ حمید الدین سیالوی ،صاحبزادہ قاسم سیالوی نے کہا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں اور نہ وہ سینٹ ،ایم این اے یا ایم پی اے کے ٹکٹ کے خواہاں ہیں ۔آئندہ الیکشن میں نون لیگ کی مخالفت کریں گے ۔ہمیں شک کی نظر سے نہ دیکھا جائے ۔ہم آج بھی تحفظ ختم نبوت کے اصولی موقف پر قائم ہیں ۔ جن ارکان اسمبلی نے ناموس رسالت کی خاطر خود استفعے دیئے ۔اور بعد میں وزیر اعلی سے ملاقات کرکے واپس لے لیے وہ ان ارکان کی اپنی صوابدید تھی ،اس میں ہماری کوئی رضامندی نہیں ۔ہم نے کسی کو استعفی دینے کے لیے مجبور نہیں کیا تھا ۔ناموس رسالت کا مشن قیامت تک جاری رکھیں گے ۔آئندہ انتخابات میں جو جماعت تحفظ ختم نبوت کے عقیدہ پر چلے گی ہم اس کا ساتھ دیں گے ۔رانا ثناء اللہ اور اس کے ساتھیوں کے حلقہ انتخاب میں جاکر مخالفت کریں گے ۔جہاں تک پنجاب حکومت کی سیال شریف دربار کو اوقاف کی تحویل میں لینے کی بات ہے ہم حکومت کی ان گیدڑ بھبھکیوں سے مرغوب نہیں ہوں گے ۔اس موقع پر صاحبزادہ غلام نظام الدین سیالو ی ایم پی اے بھی پہنچ گئے اور بتایا کہ حکومت پنجاب سے رابطہ میں ہوں ۔ دو تین روز میں پیر آف سیال شریف کی تشکیل کردہ کمیٹی کا باضابطہ پہلا اجلاس لاہور منعقد ہوگا۔جس میں رانا ثناء اللہ کے متعلق کمیٹی سوال و جواب کرسکے گی ۔وزیر اعلی پنجاب سے گزشتہ روز ملاقات ضرو ر کی لیکن اپنا استعفیٰ واپس نہیں لیا۔