• news

پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن کا احتجاج‘ پنجاب اسمبلی میں چور‘ شیر کے نعرے

لاہور (خصوصی رپورٹر/خصوصی نامہ نگار/سپیشل رپورٹر)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج کیا ،چور چور اور شیر شیر کے نعروں کی وجہ سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا ۔ اجلاس گزشتہ روز بھی ایک گھنٹہ دس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ محکمہ بہبود آبادی ، بیت المال اور جیل خانہ جات سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے گئے ۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور طاہر خلیل سندھو نے کہا مردم شمار ی کے حالیہ نتائج میں اقلیتوں کے نتائج ابھی تک شیئر نہیں کیے گئے ۔یہ ایک اہم مسئلہ ہے اس حوالے سے اقلیتوںمیں تشویش پائی جا رہی ہے‘فوری آگاہ کیا جائے تاکہ اقلیتیںعام انتخابات کے حوالے سے کوئی فیصلہ کر سکیں۔وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے جواب میں کہا کہ مردم شماری میں اقلیتوں کی آبادی کی مکمل طور پر گنتی کی گئی ہے ،الیکشن کمیشن اس کا ڈیٹا جلد شیئر کرے گا ،اس ڈیٹا سے سیٹوں میں کوئی کمی بیشی نہیں ہو گی،پنجاب کی سیٹیں بھی اتنی ہی رہیں گی۔بعد ازاں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی قیمتوں سے کہیںزیادہ ہے ۔عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوا جتنا حکومت نے گزشتہ چھ ماہ میں کیا ہے ۔حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا بم گرادیا ۔اس حوالے قرارداد جمع کرائی ہے اسے آئوٹ آف ٹرن لیا جائے جس پر وزیر قانون نے کہا آپ پیر والے دن یہ قرارداد لے آئیں ،ویسے یہ وفاق کا معاملہ ہے ،آپ کی جماعت کو اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھانا چاہیے۔اپوزیشن کے ٹولے نے 17جنوری کو جو باہر شو لگایا تھا اس سے زیادہ رسوائی عوام کو ملی تھی ،استعفے بھی واپس ہو گئے اور طاہر القادری پر لندن فرار ہو گئے ہیں۔جس پر اپوزیشن ارکان طیش میں آگئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے جس کے جواب میں حکومتی بنچوں نے بھی نعرے لگائے۔قبل ازیں وقفہ سوالات کے دوران میاں طارق نے ضمنی سوال پر کہا کہ این جی اوز عوام اور ملک کا نقصان کررہی ہیں جبکہ محکمے کی طرف سے ان کو کھلا چھوڑ دیا گیا ہے ۔این جی اوز کے نام پر کچھ ایسے دھندے جاری ہیں جن کی تفصیلات سے محکمہ بھی آگاہ ہے۔خوبصورت نام رکھ کے لوگوں کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے ان کو ایجنڈا بھی کچھ اور ہی ہوتا ہے۔سپیکر نے محکمے کو جعلساز این جی اوز کیخلاف فوری کارروائی کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔وزیر جیل خانہ جات نے ڈاکٹر نوشین حامد کے ضمنی سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا پنجاب حکومت سوئے آصل کے مقام پر نئی جیل بنا رہی ہے، تین مزید جیلیں اس سال میں مکمل کرلی جائیں گی۔اجلاس آج جمعہ صبح نو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن