• news

حکومت کی اچھی معاشی پالیسیوں کے باعث سرمایہ کاری کا ماحول سازگار ہے: صدر ممنون

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین کو ترکی، جنوبی کوریا اور ملائشیا کے سفیروں نے گزشتہ روز ایوان صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں اپنی اسناد تقرر پیش کیں۔ سفیروں سے الگ الگ ملاقاتوں میں صدر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام ملکوں کے ساتھ برادرانہ، دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔ صدر نے توقع ظاہر کی پاکستان میں متعین سفارت کار پاکستان اور اپنے متعلقہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اچھی معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول بہت سازگار ہے۔ سفارت کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ اسناد تقرر پیش کرنے والوں میں ترکی کے پاکستان میں نئے سفیر احسن مصطفیٰ پرداگل، کوریا کے سفیر کراک سنگ کیو اور ملائشیا کے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم شامل تھے۔ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 12 فروری پیر کے روز شام 5 بجے پارلیمنٹ ہائوس میں طلب کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن