• news

زینب کے قاتل عمران کو ہم نے گرفتار کیا، سامنے آتے ہی اسکا پیشاب نکل گیا: ڈی پی او وہاڑی

وہاڑی (نامہ نگار) زینب کے قاتل عمران کو ہم نے گرفتار کیا، سامنے آتے ہی ملزم عمران کانپنے لگا پیشاب بھی نکل گیا، کوئی مزاحمت نہیں کی، زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ ڈی پی او عمر سعید ملک کی طرف سے گذشہ شب ڈی پی او آفس میں ایک خاص تقریب میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او وہاڑی عمر سعید ملک نے بتایا کہ زینب قتل کیس میں نامعلوم قاتل کو گرفتار کرنا پولیس کیلئے چیلنج بنا ہوا تھا جس کیلئے پنجاب پولیس کی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جس میں میں اور میرے افسر بھی شامل تھے جنہوں نے قصور میں زینب کے قاتل کی گرفتاری کیلئے کام کرتے ہوئے زینب کے گھر کے قریب خاص ایریا کا ڈیٹا اکٹھا کیا، شارٹ لسٹ بنائی اور لسٹ میں موجود 20سے 30سال عمر کے درمیان 1180کے قریب افراد کو شامل تفتیش کیا گیا، ہمیں عمران پر شک ہوا جو زینب کا محلے دار تھا، آخر کار میں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ زینب کے قاتل عمران کے گھر پر چھاپہ مارکر ملزم عمران کو گرفتار کیا تو وہ ڈر کے مارے کانپنے لگا، اس کا پیشاب بھی نکل گیا، عمران نے فوراً اعتراف جرم کرتے ہوئے زینب کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ مزید کاروائی کرتے ہم نے اس کی جیکٹ برآمد کی جس کا ایک بٹن ٹوٹا تھا جو زینب کی باڈی کے نزدیک ملنے والے ایک بٹن جیسا تھا۔ ڈی پی او عمر سعید ملک نے بتایا کہ زینب کے قاتل کو گرفتار کرنے پر اللہ تعالی نے ہمیں بہت عزت دی۔ صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ڈی پی او عمر سعید ملک کو زینب کے قاتل کو گرفتار کرنے میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے اس کو خوب سراہا۔ ڈی پی او عمر سعید ملک اس سے قبل میلسی میں معصوم بچی زہرا کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو بھی کیفر کردار تک پہنچا چکے ہیں۔ اس موقع پر سنیئر صحافیوں اور سول سوسائٹی ارکان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

ای پیپر-دی نیشن