جے ایف 17 تھنڈر نے کم رفتار سے پرواز کرنے والے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بناکر تباہ کردیا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ملکی ساختہ جے ایف 17تھنڈر نے سومیانی فائرنگ رینج پر فضاء سے فضاء میں مار کرنے والے میزائل کو فائر کر کے کم رفتار سے پرواز کرنے والے مطلوبہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ فضائیہ کے مطابق جے ایف 17تھنڈر نے حد نظر سے پرے مار کرنے والے اور انفراریڈمیزائل فائر کر کے کم رفتار سے پرواز کرنے والے ہدف کو ٹھیک نشانہ لگا کر تباہ کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا آج کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ میں سنہری باب کا اضافہ ہے جب ایک جدید ویپن ٹیسٹ رینج کو پاک فضائیہ کا حصہ بنایا گیا جہاںمختلف قسم کے ملکی ساختہ اور غیر ملکی ہتھیاروںکے معیار کو جانچا جائے گا۔ چین کی معاونت سے تیار کردہ اس جدید رینج میں ایسے آلات نصب کیے گئے ہیں جو جہاز اور جہاز سے فائر کئے گئے میزائل کی پرواز اور زاویے کو جانچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔یہ مظاہرہ مختلف رفتار سے پرواز کرنے والے اہداف کو ڈھونڈ کر تباہ کرنے کی پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ائیر چیف نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں یہ غیر معمولی سنگ میل حاصل کرنے کی طاقت عطا فرمائی۔