• news

ہزار خان بجارانی نے اہلیہ کو قتل کر کے خودکشی کی‘ پولیس رپورٹ: دونوں سپرد خاک

کراچی (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی کی نماز جنازہ سندھ کے شہر کندھ کوٹ کے گرڈ سٹیشن گرائونڈ میں اور ان کی اہلیہ فریحہ رزاق کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ادا کردی گئی۔ بجارانی کی نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سپیکر سندھ اسمبلی اور وفاقی و صوبائی وزرا نے شرکت کی۔ دوسری جانب فریحہ رزاق کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس کی سلطان مسجد میں ادا کی گئی۔ فریحہ رزاق کی نماز جنازہ میں گورنر سندھ محمد زبیر سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ دونوں کی نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بعدازاں فریحہ رزاق کو ڈیفنس کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا جبکہ ہزار خان بجارانی کو ان کے آبائی قصبہ کرم پور میں سپرد خاک کیا گیا۔ ڈی آئی جی کراچی جنوبی آزاد خان نے کہا ہے کہ شواہد اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر ہزار خان بجارانی نے اپنی اہلیہ کو قتل کیا اور پھر خودکشی کی۔ آزاد خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میر ہزار خان بجارانی کے سر پراور فریحہ رزاق کے ایک گولی سرپراوردوپیٹ میں لگیں، فائرنگ 30 بور پستول سے کی گئی تھی، جائے وقوعہ سے 4 خول اور دو گولیاں ملیں۔ ڈی آئی جی آزاد خان نے کہا کہ فارنزک ٹیم نے فنگرپرنٹس اوردیگرتمام ثبوت اکھٹے کرلئے، کمرے میں موجود خون کے نمونے بھی محفوظ کرلئے گئے ہیں، گھر میں موجود سی سی ٹی وی کیمرے کا ڈی وی آر قبضے میں لے لیا ہے جب کہ تمام ملازمین نے اپنے ابتدائی بیانات بھی پولیس کو قلمبند کرادیئے۔ڈی آئی جی سائوتھ آزاد خان کا کہنا ہے کہ ملازمین کے بیانات کے مطابق دونوں میں کئی روزسے ناچاقی چل رہی تھی، وقوعہ کے وقت گھر اندر سے بند تھا۔ واقعہ کے بعد بچوں نے ملازمین کے ساتھ مل کر دروازہ توڑا تاہم واقعہ کی ہر پہلوں سے تحقیقات جاری ہے۔میر ہزار خان بجارانی کے بیٹے رکن قومی اسمبلی میر شبیر علی بجارانی نے اپنے والد کی خودکشی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد خودکشی نہیں کرسکتے ان کے قتل کے پیچھے سازش نظر آرہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی چینل اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ میرے والد خودکشی تو اپنی جگہ پر وہ ایسا سوچ بھی نہیں سکتے تھے ابھی خاندان سمیت پورا علاقہ سوگ میں ہے جلد ہم خود واقعے کی تحقیقات کرائیں گے،میر ہزار خان بجارانی کے بھتیجے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور ضلع کونسل کشمور کے چیئرمین میر محبوب علی بجارانی نے کہا کہ میرے چچا انتہائی مدبر، دلیر اور نڈر سیاستدان تھے وہ خودکشی نہیں کرسکتے قتل پیچھے سازش لگ رہی ہے جس کی تحقیقات ہم خود کریں گے، علاوہ ازیں میر ہزار خان بجارانی کے المناک موت پر ضلع کشمور ایٹ کند ھکوٹ اور ضلع جیکب آباد کے مختلف شہر تنگوانی، باہوکھوسو، ٹھل، کرمپور، کندھکوٹ، غوثپور، کشمور سمیت دیگر شہر دوسرے روز بھی بند رہے اور پورا علاقہ سوگ میں مبتلا رہا۔

ای پیپر-دی نیشن