ایف بی آئی نے ٹرمپ کیخلاف تعصب برتا: وائٹ ہاؤس، خفیہ میمو جاری
واشنگٹن (اے ایف پی) وائٹ ہاؤس نے خفیہ میمو جاری کیا ہے جس میں صدارتی الیکشن میں روسی مداخلت کے حوالے سے ٹرمپ کیخلاف ایف بی آئی پر تعصب برتنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس میمو میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آئی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی جاسوسی کرنے کے احکامات حاصل کرنے کیلئے انٹیلی جنس کورٹ کو گمراہ کیا۔ چار صفحات پر مبنی اس دستاویز کو ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین ڈیون ننز کے نائبین نے مرتب کیا ہے جو صدر ٹرمپ کی ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس میمو میں ایف بی آئی اور محکمہ انصاف پر گذشتہ سال مارچ میں کارکٹر پیج کے خلاف جاسوسی کرنے کے احکامات حاصل کرنے کے لئے جج کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا جو امریکہ میں ہو رہا ہے وہ ذلت ہے بہت سے لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔