بھارت ایمنسٹی انٹرنیشنل کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دے: ایلکس نیوو
اوٹاوا (صباح نیوز) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے دوسرے اداروں کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دے تاکہ وہاں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں دورہ بھارت کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا معاملہ بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھائے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا کے سیکرٹری جنرل ایلکس نیوو نے کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر طارق عزیز کو بتایا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پیلٹ گن پر پابندی کے لیے مہم شروع کر رکھی ہے۔کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر طارق عزیز نے گزشتہ روز یہاں ایمنسٹی انٹرنیشنل کینیڈا کے سیکرٹری جنرل ایلکس نیوو سے ملاقات کی۔طارق عزیز نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے ایمنسٹی کے نمائندہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے شہری بالخصوص نوجوان مارے جا رہے ہیں۔پیلٹ گن سے کشمیری نوجوان اندھے ہورہے ہیں بھارتی فوج عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے شہریوںکے خلاف پیلٹ گن کا استعمال کررہی ہے۔