• news

لاہور چیمبر میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سہولیاتی سنٹر کا افتتاح

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سہولیاتی سنٹر قائم کر دیا ہے جس کا افتتاح لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید اور سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلال احمد نے کیا۔ سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔ سنٹر کے ذریعے لاہور چیمبر ممبران کو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے متعلقہ تمام سہولیات مہیا کرے گا۔ سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلال احمد نے کہا کہ اس سہولت سے تاجروں کو لازماً استفادہ کرنا چاہیے، اس سنٹر کے قیام سے ٹیکس کلچر کو فروغ ملے گا اور تاجروں و حکومت کے درمیان اعتماد سازی ہو گی۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سہولیاتی سنٹر کے قیام سے لاہور کے تاجروں کو بڑی سہولت میسر آئی ہے، یہ سنٹر تاجروں کو صوبائی ٹیکسوں، فیس کی وصولی، گاڑیوں کی رجسٹریشن، پراپرٹی ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس وغیرہ کے متعلق خدمات مہیا کرے گا۔ لاہور چیمبر ملک کا پہلا تجارتی ادارہ ہے جہاں سمیڈا، ایف بی آر، ٹریفک پولیس، نادرا اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن جیسے اہم اداروں نے سہولیاتی سنٹرز قائم کئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن