• news

سیکرٹری زراعت کا ملتان میں محکمہ زراعت کے مختلف شعبوں کا دورہ

لاہور (نیو رپورٹر) محمد محمود، سیکرٹری زراعت پنجاب نے زرعی فارمز پر واقع کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ، مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ، گورنمنٹ ایگریکلچر فارم ، ایمری، پیسٹی سائیڈز لیب اور محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ،ملتان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی اور ڈاکٹر صغیر احمد ڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے مختلف شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی کہ کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں قائم تجرباتی فارم کے سالانہ ایک تہائی حصہ کی لیزر لینڈ لیولنگ کرائی جائے تاکہ کپاس کے ریسرچ ٹرائلز کو پانی اور دوسرے غذائی اجزا یکساں مقدار میں دستیاب ہو سکیں۔ مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ریسرچ فارم پر ناغے پر کرنے کیلئے بین الاقوامی معیار کے مطابق نئی اقسام کاشت کی جائیں۔ انہوں نے فلوریکلچر ریسرچ سب اسٹیشن اور محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی، ملتان کو باہمی تعاون سے ایک بوٹینکل گارڈن بنا کرآرائشی و زیبائشی پودوں پر جدید تحقیق کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے ایمری کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریورس انجینئرنگ کیلئے درآمد شدہ زرعی مشینری کاشتکاروں کو مختلف آپریشنز کیلئے فراہم کی جائے تاکہ ان کا عملی مظاہرہ اور کارکردگی جانچنے کے ساتھ کاشتکاروں کو بھی فائدہ حاصل ہو۔ 

ای پیپر-دی نیشن