• news

والی بال کھیلتے فوجیوں پر خودکش حملہ کیپٹن سمیت11 شہید 13 زخمی

سوات/لاہور(نامہ نگار/فضل خالق خان سے+ ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ + خبرنگار) سوات کے علاقے کبل شریف آباد میں آرمی پوسٹ کے قریب والی بال میچ کے دوران خود کش حملے میںایک کیپٹن سمیت11 اہلکار شہید اور13زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ شام سوات کی تحصیل کبل کے علاقے شریف آباد میں آرمی پوسٹ19 L ki کے قریب گرائونڈ میں والی با ل میچ ہورہا تھا جس میں بڑی تعداد میں لوگ بھی موجود تھے کہ اس دوران ایک بمبار نے خود کودھماکے سے اُڑا دیا۔ شہید ہونے والوں میںکیپٹن جاذب، نائب رسالدار زاہد، دفعدار ندیم، دفعدار ابراہیم، ایل ڈی آصف اعجاز، ایل ڈی مہر خان، سوار آصف، ایل ڈی شکیل، سوار ندیم، این سی بی منور اور سوار ضیافت جبکہ زخمیوں میں کیپٹن عدیل، ایل ڈی مجید، ایل ڈی عارف، دفعدار عالم،ایل ڈی منور، اے ایل ڈی شاہد ریاض، ایل ڈی مجاہد، سوار آصف،سوار عامر، این سی بی حامد، سوار عابد، این سی ای عثمان، ایل ڈی کلرک طارق اورسوار طالب شامل ہیں۔ وقوعہ کے بعدزخمیوں کو طبی امداد کے لئے سیدوشریف ہسپتال منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدرزورد ار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر حالات کنٹرول کرنے کی ذمہ داری سنبھال لی، سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کسی بھی قسم کی مزید نقصان سے بچنے کے لئے لوگوںکی آمدورفت کو محدود کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ دھماکے کے بعد کبل روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ بم ڈسپوزل نے دھماکے کی جگہ اور اردگرد کے مقامات پر چیکنگ کی۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے بیٹوں نے اپنے لہو سے امن کے چراغ روشن کئے۔ دہشت گرد حملوں کے ذریعے پاکستان کا امن چھیننے کی سازش ناکام بنائیں گے۔ پوری قوم شہداء کے حوصلوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق طالبان نے صحافیوں کو ایک ای میل کے ذریعے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بزدلانہ حملوں سے دہشتگردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہوگااور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ بزدل دہشتگرددشمن ہمارے جری جوانوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سوات بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن پر جان قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سوات میں خودکش دھماکے کے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ عمران خان نے بھی سوات میں آرمی یونٹ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ملک میں فساد کے بیج بونے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملکی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہیں، بزدلانہ کارروائیاں حوصلے پست نہیں کرسکتیں، قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہے۔ وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کے بیٹے امن کے دشمنوں کے خلاف جرأت، بہادری اور شجاعت کی لازوال داستان اپنے لہو سے لکھ رہے ہیں۔ دہشت گرد حملے پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ دہشت گردی کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ دہشت گرد حملے پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ طاہر القادری نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔ انسانیت کے دشمن دنیا و آخرت میں ذلیل و رسوا ہوں گے۔ جماعۃ الدعوۃ کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے سوات کے علاقے کبل میںآرمی یونٹ پرخودکش حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں دہشت گردی کے ذریعہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔اپنے ایک بیان میںا نہوں نے کہا کہ کبل میں آرمی یونٹ پر حملہ کرنے والے وہی لوگ ہیں جنہوں نے اے پی ایس پر حملہ کیا تھا۔دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن