• news

عمران تیسری شادی بھی چھپا رہے ہیں سپریم کورٹ نے جانے کیسے صادق اور امین قرار دیدیا‘اب خاموشی توڑنا پڑے گی : ریحام

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران کو جانے کیسے صادق اور امین قرار دیدیا؟ عمران اپنی شادیوں کے معاملے پر جھوٹ بولتے رہے ہیں۔ بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران سے شادی 31 اکتوبر 2014ء کو ہوئی۔ ٹھیک ایک سال بعد 31 اکتوبر 2015ء کو طلاق ہو گئی۔ عمران نے کہا تھا کہ محرم کے بعد شادی کا اعلان کریں گے مگر عمران نے شادی دو ماہ چھپائی اور دو ماہ بعد شادی کا اعلان کیا۔ میرے ذرائع کے مطابق عمران خان نے تیسری شادی بھی کر لی ہے مگر چھپا رہے ہیں۔ شادی ایک جائز کام ہے، اعلان کر دینا چاہئے۔ ریحام نے کہا کہ مجھ سے شادی کے بعد عمران خان نے ٹویٹ کے ذریعے شادی کی تردید کی، میں نے عمران سے پوچھا کہ ایسا ٹویٹ کیوں کیا؟ عمران نے کہا کہ بعد میں اعلان کریں گے۔ ریحام خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک طرف سابق وزیراعظم نوازشریف کے معاملے میں بہت سختی برتی، دوسری طرف عمران کے معاملے پر نرم رویہ رکھا گیا۔ عدلیہ کے فیصلے میں کہیں رعایت دی جاتی ہے اور کہیں بالکل رعایت نہیں دی جاتی۔ کچھ باتیں لوگوں کے مس ایڈونچر کی وجہ سے سامنے آرہی ہیں۔ اب مجھے خاموشی توڑنی پڑے گی۔ بہت سی باتیں میرے علم میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن