مردان :ڈانس شو میں شرکت سے انکار پر سٹیج اداکارہ سنبل خان قتل
مردان (نا مہ نگار )شہر کے پوش علاقہ شیخ ملتون ٹاؤن میںناچ گا نے کی تقریب میں جانے سے انکا رپر 3 ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے سٹیج اداکارہ سنبل کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔دن دیہاڑے ہونے والی واردات کے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح دس بجے کے قریب شیخ ملتون کے سیکٹر ٹی کی گلی نمبر 9میں پیش آیاجہاں مکان نمبر 76کی دوسری منزل پر اداکارہ سنبل رہائش پذیر تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان اداکارہ کو ناچ گانے کی ایک تقریب میں لے کر جانا چاہتے تھے انکار پر فائرنگ کرکے سنبل کو موت کی ابدی نیند سلا دیا۔ پولیس نے اداکارہ کے دادا میر بہادر کے بیان پر سابق پولیس انسپکٹر نعیم خٹک، پشتو کی گلوکارہ غزالہ جاوید مرحومہ کے شوہر جہانگیر اور ٹیکسی ڈرائیور نصیب شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ادھر مقتولہ گلوکارہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کردی گئی۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدیں جنہوں نے ملزموں کے بیرون ملک فرارکاراستہ روکنے کے لئے اقدامات شروع کردئیے۔