اورنج ٹرین سمیت ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو عوام معاف نہیں کرینگے:شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلی شہباز شر یف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت سے بڑھ کر اورکوئی فریضہ نہیں ہوسکتا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہر دور میں ترقی کے ریکارڈ قائم کیے اورآئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے صرف کیے گئے ہیںاور ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملا ہے، اسی طرح عام آدمی کو اس کی دہلیز پر صحت کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیاہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں جدیدآلات اور مشینری فراہم کی گئی ہے تا کہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ مہیا ہو-انہوںنے کہا کہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید ترین پاکستان لیور اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کر رہا ہے ۔پاکستان لیور اینڈ کڈنی ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے اور اس ہسپتال میں مستحق مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہونہار طلباء کی تعلیمی سلسلے کی تکمیل کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا اجراء کیاگیا ہے اور اربوں روپے کے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے ہزاروں ہونہار طلباء اپنی تعلیمی پیاس بجھارہے ہیں۔ہم نے تمام صلاحیتیں اور وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کئے ہیں۔ دھرنا پارٹی نے عوام کی خدمت کی بجائے اچھے کاموں پر تنقید کا وطیرہ بنائے رکھا اورعوام ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔ فلاحی منصوبوں پر تنقید کرنیوالے پہلے اپنی کارکردگی تو بتائیں۔ الزامات کی سیاست کرنیوالوں کا عوامی خدمت سے دور کا بھی تعلق نہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سمیت دیگر منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے والوں نے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ شہباز شریف نے کینسر سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ کینسر جان لیوا مرض ہے اوراس سے بچاؤ کیلئے موثر آگاہی کی بے حد ضرورت ہے۔ بروقت تشخیص کسی بھی مرض کے علاج کے لیے بہت ضروری ہوتی ہے۔ اگر کینسر کی ابتدائی سطح پر تشخیص ہو جائے تو اس کا مناسب علاج ممکن ہے۔ کینسر کے عالمی دن کو منانے ہوئے اس کی علامات ،تشخیص ،علاج اور احتیاطی تدابیر سے عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کی جانی چائیے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے فیصل آباد کی رہائشی بیوہ خاتون کی تین سالہ بیٹی کی بیماری کے بارے میں خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بیمار بچی کے علاج معالجے کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کریگی اور اس ضمن میںمیڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائیگا۔ علاج معالجے کیلئے بچی کو بیرو ن ملک بھی بھجوانا پڑا تو بھجوائیں گے۔ بوریوالہ کے علاقے عظیم آباد میں زیادتی کے بعد 13 سالہ لڑکے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی اوز سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ شہباز شریف نے نارووال کے علاقے میں بااثر شخص کی جانب سے خاتون پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔