دھرنوں میں شکست کھانے والوں نے عدلیہ کا سہارا لیا: خواجہ سعد رفیق
ملتان (اسپیشل رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں ناکامی پر عدلیہ کو استعمال کیا گیا ہے۔ عدلیہ کی بحالی کے لئے نواز شریف اور مسلم لیگ نے سب سے زیادہ جدوجہد کی ہے۔ عدلیہ پر ہم تنقید نہیں کرتے اور نہ ہی کی جانی چاہیے۔ عدلیہ اور فوج کی طرح پارلیمنٹ کا بھی احترام ہونا چاہیے۔ ساڑھے 4 سال پہلے ریلوے خسارے سے دوچار تھی اس کی آمدن 18 ارب روپے تھی جو بڑھا کر 50 ارب سے زائد کر دی ہے۔ ریلوے ورکرز کو سہولیات فراہمی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے ملتان آنے کے بعد ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائم مقام ڈی ایس و ڈائریکٹر ویجی لینس سیل صائمہ بشیر‘ ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر عابد الرزاق‘ ڈی سی او ریلوے سعد احمد‘ ڈی پی او نبیلہ اسلم‘ منظور حسین ساجد و دیگر موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ریلے کی کسی قسم کی نجکاری نہیں کی جا رہی بلکہ اسے خسارہ سے بچانے کے لئے نجی شعبہ کے اشتراک سے چلا رہے ہیں۔ ان ٹرینوں میں ریلوے ملازمین کو وہی سہولیات میسر ہوں گی جو دیگر ٹرینوں میں دستیاب ہیں۔ سی بی آئی سسٹم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ 10 سال پرانا منصوبہ تھا جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو کمپنی کو ادائیگیاں ہو چکی تھیں اور وہ بھاگنے کی کوشش کر رہی تھیں ہم نے انہیں معاہدہ کے مطابق کام پر مجبور کیا۔
خواجہ سعد رفیق