لاہور: شہری لاکھوں کی نقدی، زیورات سے محروم، کوٹ رادھا کشن: مزاحمت پر راہگیر جاں بحق
لاہور/ کوٹ رادھا کشن/ قصور/ بھوئے آصل(سٹاف رپو رٹر+ نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت)شہر میں ڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں مالیت کی نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کردیا۔ ڈاکوئوں نے تھانہ غازی آباد کے علاقہ میں اختر کے گھر سے 2 لاکھ 80 ہزار مالیت کی نقدی و زیورات، تھانہ ڈیفنس اے کے علاقہ میں اسلم کے گھرسے 3 لاکھ 40 ہزار مالیت کی نقدی و زیورات، تھانہ بادامی باغ کے علاقہ میں مجاہد کے گھر سے 2 لاکھ 70 ہزار مالیت کی نقدی و زیورات، تھانہ مصطفی آباد کے علاقہ میں شاہد کے گھر سے 2 لاکھ 30 ہزار مالیت کی نقدی و زیورات، تھانہ جوہر ٹائون کے علاقہ میں عارف سے 1 لاکھ 40 ہزار مالیت کی نقدی و موبائل، تھانہ ماڈل ٹائون کے علاقہ میں جہانگیر سے 80 ہزار مالیت کی نقدی و موبائل لوٹ لیا۔ مناواں میں شکور، باغبانپورہ میں ظریف کی گاڑیاں اور وحدت کالونی میں شریف، اسلام پورہ میں عاقب، مستی گیٹ میں فاروق، مزنگ میں اخلاق اور سبزہ زار میں رشید کی موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں۔ علاوہ ازیں کوٹ رادھاکشن کے علاقہ قمرکوٹ چک57 کے قریب دوران واردات ڈاکوئوں کی فائرنگ سے مزاحمت پر ایک شہری جاں بحق، ایک ڈاکو شدید زخمی حالت میں گرفتارجبکہ دوسرا ڈاکو فرار۔تفصیلات کے مطابق محلہ فاروقیہ کوٹ رادھاکشن کے جاوید اقبال نے تھانہ کوٹ رادھاکشن میں مقدمہ درج کروایا کہ وہ گزشتہ شب اپنے بھائیوں ساجد اور محمد رفیق کے ہمراہ کار پرچک57قمر کوٹ جارہے تھے کہ نہر کی پٹڑی کے قریب دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر روک کر ہم سے نقدی 36300 روپے اور موبائل فون چھین لیا مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں میرا بھائی ساجد جاں بحق ہوگیا اور ملزمان کی اپنی ہی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی شدید زخمی ہوگیا ،وقوعہ کی اطلاع پاکر کوٹ رادھاکشن پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس زخمی ڈاکو فیاض عرف نومی سکنہ ظفر کے کوٹرادھاکشن کو گرفتار کرلیا جبکہ اسکا ساتھی ڈاکو صابر انصاری سکنہ ظفر کے موقع سے فرار ہوگیا۔ تھانہ کوٹرادھاکشن پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے ڈاکو کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ زخمی ڈاکو کو لاہور ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوران مزاحمت قتل ہونے والے ساجد کی نعش ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کردی گئی۔
فیروز والہ (نامہ نگار) لاہور روڈ تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ اقبال پارک میں ڈاکوؤں نے بیوٹی پارلر کے باہر کھڑی دلہن کو روک لیا ڈاکو پندرہ تولے زیورات لاکھوں روپے مالیت اور 70 ہزار روپے چھین کر لے گئے بتایا گیا ہے کہ مشتاق احمد اپنی بہن کو پارلر پر لے کر آیا جہاں سے فارغ ہوکر پارلر سے باہر نکلی۔ ڈاکوؤں نے لوٹ لیا کوٹ عبدالمالک میں ڈاکوؤں نے تاجر عدنان سلیم خان کو لوٹ لیا ڈاکو دو لاکھ 50 ہزار روپے چھین کرلے گئے ڈاکوؤں نے وکیل ملک بشیر سمیت دیگر افراد کو وکیل کے دفتر میں گن پوائنٹ پرلوٹ لیا نقدی، موبائل چھین کر لے گئے ڈاکوؤں نے دکاندار غلام مصطفیٰ کو لوٹ لیا فرار ہو گئے ڈاکوؤں نے بلال سے رکشہ چھین لیا فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں۔ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے تشدد کرکے شہری غضنفر علی کو لوٹ لیا۔ نقدی اور موبائل چھین کر لے گئے۔