کرپٹ اشرافیہ کو سٹیجوں‘ پارلیمنٹ کی بجائے جیلوں میں دیکھنا چاہتے ہیں: سراج الحق
لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک کو دیانت دار قیادت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ہے،ملک میں جو فساد کا کھیل کھیلا جارہا ہے حکمران اسکے ذمہ دارہیں ،جب تک قاتل گرفتار نہیں کئے جاتے نقیب اللہ شہید سے لیکر عاصمہ رانی کے قتل تک سب کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، موجودہ سٹیٹس کو نے قوم کو قتل و غارت گری کے سوا کچھ نہیں دیاہے،ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے،اسلامی نظام معاشرے کے ہر فرد کو تحفظ فراہم کرنے کی ضمانت دیتاہے،دنیا کے تمام نظام ناکام ہوچکے ہیں اب آنے والا دور اسلامی نظام کا ہے،جس شخص نے نقیب اللہ کے قاتل نے سینکڑوں افراد کو ایسے ہی بے دردی سے شہید کیا ،نوجوان قوم کیلئے امید کی کرن اور اسلامی انقلاب کے قافلے کا ہراول دستہ ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے 65ویں سالانہ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پراسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ میاں سید صہیب الدین کاکا خیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا عبد الاکبر چترالی اور انتخاب چمکنی بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ سٹیٹس کو ملک کے تمام بحرانوں کا ذمہ دار ہے اور آئے روز رونما ہورہے ریپ و قتل غارت گری کے تمام تر واقعات کی ذمہ دار کرپٹ اشرافیہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کہتے ہیں کہ میری بیٹی بہت خوبصورت ہے دل چاہتا ہے کہ اس سے شادی کرلوں لیکن کیا کروں میری بیٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت ختم ہوگئی ہے اور درندگی عروج پر ہے، سوشل ازم ختم اور سرمایہ دارانہ نظام قریب الموت ہے،اب یہاں خلافت قائم ہونے والی ہے خلافت قائم ہوگی تو پاکستان میں امن آئے گا۔ افسوس کا مقام ہے کہ صرف ایک شہر کراچی میں 75ہزار لڑکیاں ایک نوالے کی خاطر جسم فروشی پر مجبور ہیں اور ملک بھر کے ہوٹلوں میں کام کرنے والے کمسن بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے،معاشرے میں جوظلم و فساد برپا ہے اس ظلم کے خلاف بغاوت نہ کرنے والا بھی ظالم ہے، سینیٹر سراج الحق نے کہا کرپٹ حکمرانوں نے جعلی ناموں سے بیرون ملک قومی خزانے کی لوٹی ہوئی دولت جمع کی ہے۔انہوںنے کہا کہ موجودہ سٹیٹس کو کی وجہ سے ملک بھر کے لاکھوں نوجوان نشے کی لت میں مبتلاء ہیں حکمرانوں کی نااہلی ہے کہ انہوں نے نوجوان کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے اور اس مایوسی کی وجہ سے وہ نشے کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ برائیوں کی ذمہ دار کرپٹ اشرافیہ کو سٹیجوں اور پارلیمنٹ کی بجائے جیلوں میں دیکھنا چاہتے ہیں وہ دن اب دور نہیں جب یہ کرپٹ ٹولہ اپنے کئے کی سزابھگتے گا۔