معاشرے میں برداشت‘ تحمل اور رواداری کو فروغ دینا چاہئے: صدر ممنون
ملتان (سپیشل رپورٹر) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ علم اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے بغیر قدموں کا آگے بڑھنا ناممکن ہے ہمیں اپنے معاشرے میں برداشت‘ تحمل اور رواداری کو فروغ دینا ہو گا تاکہ ہم ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مخدوم جاوید ہاشمی کی صاحبزادی کی شادی میں شرکت کے موقع پر کیا انہوں نے مزید کہا کہ میں ملتان میں پہلے بھی آ چکا ہوں اور جاوید ہاشمی کا بھی مہمان بنا تھا ملتان سے میری حسین یادیں وابستہ ہیں ملتان کی سڑکوں پر چہل قدمی کر چکا ہوں۔ اس لئے اس خطے کے مزاج اور لوگوں سے آشنائی رکھتا ہوں اس خطے کے لوگ نرم مزاج‘ وضع دار اور خوش گفتار ہیں یہاں کی زبان یہاں کے رس دار آموں کی طرح میٹھی ہے۔ میں نے سرائیکی سیکھنے کی کوشش کی ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے جدید علوم سے استفادہ کرنا ہو گا اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو یقین سے کہتا ہوں کہ پاکستان دنیا کا سب سے ترقی یافتہ ملک کہلائے گا آج پاکستان دنیا کے نقشے پر تیزی سے ابھرتا ہوا ملک بن چکا ہے ہمیں اس وقت قومی یکجہتی کی پہلے سے بھی زیادہ ضرورت ہے۔