سینٹ الیکشن: پنجاب 46‘ سندھ 4‘ بلوچستان کے 24 امیدواروں نے کاغذات وصول کرلئے‘ مسلم لیگ (ن) کو 50 درخواستیں موصول‘ تاریخ میں 6 فروری تک توسیع
اسلام آباد (صباح نیوز + این این آئی+ آئی این پی) سینٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ الیکشن کمشن کے مطابق اب تک 7 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں جبکہ بلوچستان کے صوبائی الیکشن کمشن کے ترجمان نے بتایا 24 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے۔ آئی این پی کے مطابق سینٹ الیکشن مسلم لیگ (ن) کو 50 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرا دیں۔ چودھری نثار کے بہنوئی ملک آصف بھی میدان میں آ گئے۔ سرانجام خان‘ پیر صابر شاہ‘ علی افضل جدون‘ رحمت سلام خٹک‘ بیگم نزہت صادق‘ ظفر اللہ ڈھانڈلہ اور چودھری جعفر اقبال نے بھی ٹکٹ کیلئے اپلائی کر دیا۔ سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو کے صاحبزادے اسد جونیجو اور میاں منان نے بھی درخواست جمع کرا دی جبکہ مسلم لیگ (ن) نے سینٹ انتخابات کیلئے درخواستوں کی وصولی میں 6 فروری تک توسیع کر دی ہے۔