گوجرانوالہ: ڈیڑھ ماہ قبل لاپتہ ہونیوالے نوجوان کی نعش خالی پلاٹ سے برآمد
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )ڈیرھ ماہ قبل لاپتہ ہونیوالے نوجوان کی تشدد زدہ نعش دوست کے خالی پلاٹ سے برآمد ہو گئی ،پولیس نے گھڑا کھود پر دفن کی جانیوالی نعش برآمد کر کے ہسپتال منتقل کر دی جبکہ پو لیس نے 2دوستوں کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق لوہیانوالہ کا رہائشی وقاص بٹ 14دسمبر کو گھر سے نکلاتھا ،مگر واپس نہ آیا۔ اس بارے اطلاع ملنے پر تھانہ اروپ پو لیس نے نوجوان کے بھائی ساحل کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا تھا۔ نوجوان وقاص کی نعش لوہیانوالہ میں اسکے دوست کے خالی پلاٹ سے برآمد ہو گئی جسے پو لیس نے ضروری کاروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا ۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او قیصر عباس شاہ کا کہنا تھا کہ مقتول کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ نعش کو خالی پلاٹ میں گھڑا کھود پر دفن کر دیا گیا تھا ، تاہم مقتول کے دوستوں عرفان اور احسان کو حراست میں لیکر تفتیش کی جارہی ہے اور قتل کی وجہ بھی جلد سامنے آجائے گی ۔ واضح رہے کہ مقتول کے ورثاء نے چند روز قبل سی پی او آفس کے سامنے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے وقاص کی بازیابی کا مطالبہ کیا تھا ۔